ایک نیوز: شمالی وزیرستان کے نوجوان روشن مستقبل کا پیغام۔ میران شاہ میں ہونے والے یوتھ کنونشن میں بڑی تعداد میں طلبہ اور طالبات نے شرکت کی-
تاریخ ساز یوتھ کنونشن میں نوجوان نسل کو علاقائی صورتحال، درپیش مشکلات، دیرپا قیام امن اور زیرعمل ترقیاتی منصوبوں سے روشناس کروایا گیا۔ پورے ملک سے نامور مقررین نے اپنے وسیع تر تجربات کی روشنی میں شمالی وزیرستان کے نوجوانوں کے ساتھ دانشورانہ اور علمی گفتگو کی۔
اس موقع پر سابق سفیر صادق خان جومعاون خصوصی برائے افغانستان کے امور بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں، انہوں نے افغانستان اور خطے میں سکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی۔ ڈاکٹر سعدیہ عارفہ زہرا نے سماجی ترقی میں خواتین کا کردار نمایاں کیا اور خواتین کا وومن ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کا دورہ بھی کروایا گیا۔
اختتامی تقریب میں کور کمانڈر پشاور نے شرکاء سے خطاب بھی کیا۔ آخر میں تمام شرکاء کی حوصلہ افزائی کے لیے اعزازیہ اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر شمالی وزیرستان کے نوجوانوں اور خواتین نے پاک فوج کا بھرپور شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی نوجوانوں کے لیے ایسے پروگرام منعقد کروانے کی خواہش کا اظہار کیا۔