ایک نیوز:پاک سوزوکی نے اپنی تمام موٹر سائیکلوں کی بکنگ 20 جنوری سے بند کرنے کا اعلان کردیا۔
پاک سوزوکی نے تمام ڈیلرز کو آگاہ کردیا ہے کہ نئی موٹر سائیکلوں کی بکنگ فوری طور پر 20 جنوری سے بند کی جارہی ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری لیٹر میں کہا گیا ہے کہ درآمدات نہ ہونے کے سبب موٹر سائیکلوں کیلئے سی کے ڈی اور دیگر خام مال کی سپلائی چین متاثر ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے کمپنی کیلئے کسٹمرز کے آرڈرز پورے کرنا ممکن نہیں ہے۔
پاک سوزوکی نے صارفین سے کہا ہے کہ صورتحال جوں ہی معمول پر آئے گی بکنگ کا دوبارہ آغاز کردیا جائے گا۔
آل پاکستان موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین صابر شیخ کے مطابق درآمدات بندرگاہ پر رُکنے کی وجہ سے صورتحال خراب ہورہی ہے، دوسری جانب ڈالر کی عدم دستیابی اور قدر کے حوالے سے بھی صورتحال غیر یقینی ہے، جس کی وجہ سے پاک سوزوکی نے موٹر سائیکلوں کی بکنگ بند کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے آئندہ ہفتے فنڈز کے اجراء کا امکان ظاہر کیا ہے، اس کے بعد صورتحال میں بہتری آئے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاک سوزوکی نے اپنی فور وہیلر گاڑیوں کی بکنگ بھی 2 جنوری سے 20 جنوری تک بند کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم خدشہ ہے کہ 20 جنوری کے بعد بھی گاڑیوں کی پروڈکشن بحال نہیں ہوسکے گی۔