عمران کی مبینہ بیٹی ٹیریان کاکیس، جمائما کا ڈیکلیریشن ریکارڈ کا حصہ بن گیا

Jan 19, 2023 | 19:51 PM

ایک نیوز : عمران خان کی مبینہ بیٹی ٹیریان کی سرپرستی سے متعلق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ اہلیہ جمائما کا 2004 کا ڈیکلیریشن باقاعدہ طور پر عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نےشہری ساجد محمود کی جانب سے عمران خان کی مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں چُھپانے پر نااہل قرار دینے کی درخواست پر سماعت کی

 عدالت نے دوران سماعت عمران خان کی مبینہ بیٹی ٹیریان کی سرپرستی سے متعلق عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کا 18 نومبر 2004 کا ڈیکلیریشن پٹیشن کے ساتھ ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔

ڈیکلیریشن میں جمائما نے ٹیریان وائٹ کی سرپرستی اپنے پاس رکھنے سے انکار کرتے ہوئے کیرولینا وائٹ کو دینے کا کہا تھا۔

عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ آفس نے اعتراض کیا ہےکہ بائیو میٹرک کے لیے عمران خان کو خود آنا پڑے گا۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اب تو بائیو میٹرک کی تصدیق کے لیے مختلف آؤٹ لیٹس موجود ہیں، آپ بائیومیٹرک کرا کے رسید ساتھ لگا دیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان نے استعفیٰ دے دیا اور اب رکن قومی اسمبلی نہیں رہے۔

عدالت نے عمران خان کے وکیل کو ابتدائی بیان جمع کرانے کے لیے مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے جواب کی پیشگی کاپی پٹیشنر کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت دی اور کیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں