ایک نیوز: ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئےجعلی گیم شو کا نمائندہ بن کر شہریوں کو لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے مختلف کارروائیوں میں 2 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ملزم فرخ عباس نے خود کو جعلی بینک کا نمائندہ بن کر شکایت کنندہ کو کال کی اور 250000 کی رقم ہتھیائی۔دوسری کارروائی میں ملزم آصف شہزاد نے گیم شو کا نمائندہ بن کر شکایت کنندہ سے 226000 روپے ہتھیائے۔ملزمان کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری جانب ڈی جی ایف آئی اےکی ہدایت پر ڈائریکٹر ایف آئی اےلاہور زون نے کرنسی سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن 52 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی اےکارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت اور ڈالر سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے صادق پلازہ مال روڈ ، نابھہ روڈ اور موج دریا روڈ لاہور پر چھاپہ مارا جس میں غیر ملکی کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث دوکانوں کو سیل کر دیا۔ تمام لوگ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی اجازت کے بغیر کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت کا کام کر رہے تھے۔
کرنسی سمگلرز کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں اب تک ایف آئی اےلاہور کا 30 مقدمات کا اندراج اور 52 غیر قانونی کرنسی سمگلرز کو گرفتار کر لیا ہے۔غیر قانونی کرنسی اسمگلرز سے گزشتہ دو ماہ سے جاری کریک ڈاؤن میں اب تک ایف آئی اے لاہور نے تقریباً300ملین کی غیر ملکی وملکی کرنسی برآمد کی ہے۔ ایف آئی اےلاہور نے کرنسی سمگلرز اور غیر قانونی کرنسی ایجنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا اعلان کیاہے۔