ایک نیوز : سابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عمرہ ادا کرنے سعودی عرب پہنچ گئے۔
رپورٹ کے مطابق سرفراز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز ڈرا ہونے کے چند روز بعد ہی عمرے کی ادائیگی کے لئے حرمین شریفین پہنچے تھے۔وکٹ کیپر بلے باز 13 فروری سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے آئندہ آٹھویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کریں گے۔ سرفراز احمد امریکا میں مقیم ہیوسٹن ہریکینز کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں فرنچائز کی کپتانی بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ سیریز 29 سے 31 جنوری تک کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں ہونے والی ہے۔یہ پہلا موقع ہو گا کہ کسی بھی پی ایس ایل فرنچائز کا مقابلہ ریاستہائے متحدہ امریکہ کی کسی ٹیم سے ہوگا۔ قومی کرکٹ ٹیم میں طویل عرصے بعد واپسی کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی اپنی شاندار بلے بازی سے جہاں پاکستانیوں کی تعریفیں سمیٹی ہیں وہیں دوسری ٹیموں کے کھلاڑی بھی ان کی تعریف کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بلے باز اور سابق کپتان مشفق الرحیم نے بھی سیریز میں شاندار کارکردگی پر سرفراز احمد کی دل کھول کر تعریف کی ہے۔ انہوں نے ایک سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹرز کا ریکارڈ شیئر کیا اور اپنے بیان میں کہا "آپ کو ایکشن میں واپس دیکھ کر اور رنز سکور کرتے ہوئے بہت خوشی ہوئی ، مضبوطی سے آگے بڑھتے رہیں۔"