پیپلز پارٹی دوبارہ گنتی کے نام پر دھاندلی کرنا چاہتی ہے:حافظ نعیم

Jan 19, 2023 | 13:48 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے نام پر قبضہ کرکے دھاندلی کرنا چاہتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کراچی کے امیر اور میئر کراچی کے اُمیدوار حافظ نعیم الرحمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی بلدیاتی الیکشن میں 6 یونین کونسلز کے نتائج میں بے ضابطگیوں   کے حوالے سے درخواست پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیاہے۔ صوبائی الیکشن کمیشن،  ڈی آرو اور ریٹرننگ آفیسرز اور امیدواروں کو  23 جنوری کے لیے نوٹس جاری کیے ہیں۔

امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اب دوبارہ گنتی کی درخواست پر تھیلے کھلے ہوئے ملتے ہیں، سیلیں کھلی ہوئی ملتی ہیں، جو ہمارے ووٹ تھے اب ان بیلٹ پیپرز پر مہریں نہیں ہیں، آر اوز کی نگرانی میں پریذائڈنگ افسران نے دھاندلی کی، جب کچھ نہیں بنتا تو جس بیلٹ پیپر پر ترازو پر مہر ہوتی ہے یہ وہاں دوسرے نشان پر بھی ٹھپہ لگا دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ الیکشن والے دن نہ وقت پر عملہ پہنچا تھا، نہ وقت پر پولنگ شروع ہوئی، پولنگ کا اختتام جب ہوا تو فارم 11 اور 12 فراہم نہیں کیا گیا، ہم نے اپنے لوگوں سے کہا کہ فارم 11 اور 12 لیے بغیر نہیں آنا، جب آر او نے رزلٹ جاری کیا تو وہ فارم 11 کے مطابق نہیں تھا، یہ کام براہِ راست سندھ حکومت کی زیرِ نگرانی ہو رہا تھا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ملیر میں ہمارے کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں، پی ٹی آئی کے کارکنوں پر بھی جو حملہ کیا گیا میں اس کی بھی مذمت کرتا ہوں۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ  4 مرتبہ اعلان ہو کر الیکشن ملتوی ہوا، پارٹیاں الیکشن سے فرار حاصل کرنا چاہتی تھیں، آخری لمحوں تک لوگوں کو کنفیوژن میں ڈالا گیا تاکہ لوگوں کی بڑی تعداد ووٹ نہ ڈالے، بلدیاتی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ 25 فیصد سے زائد رہا، ہم یہ چاہتے ہیں کہ کے پی اور پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخاب منعقد ہوں۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا یہ بھی کہنا ہے کہ کل نیو ایم اے جناح روڈ پر یومِ تشکر منایا جائے گا، حکومت عوام کو اختیار دینا ہی نہیں چاہتی، اتنی کوششوں کے بعد الیکشن ہوا تو وہ بھی مسائل کا شکار رہا۔

حافظ نعیم نے کہا کہ آر اوز کے رزلٹس کے باوجود ہمیں اطلاع دئیے بغیر دوبارہ گنتی شروع کی جا رہی ہے، ایک طرف وزیر اعلیٰ فون کررہے کہ آپ کے جائز خدشات دور کریں گےاور دوسری طرف آپ کے لوگ رزلٹس کے بعد ڈبے بھر رہے ہیں، چیف سیکرٹری اس کا نوٹس کیوں نہیں لیتے، فوری طور پر ان تمام آر اوز کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی شہر کی واضح اکثریتی پارٹی، شاندار کامیابی پر آج سے عوامی رابطہ مہم شروع کر رہے ہیں اور ہمارے کامیاب امیدوار آج سے شہر کی گلیوں میں نکلیں گے۔ عوام سے ملیں گے ان کا شکریہ ادا کریں گے اور ان سے ان کے مسائل بھی پوچھیں گے۔ حلف اٹھانے کا انتظار نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں