ایک نیوز: مریدکےمیں جی ٹی روڈ کالاشاہ کاکو کے قریب حادثہ پیش آیا جس میں گاڑی کی رکشےکو ٹکر سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
رپورٹ کے مطابق نامعلوم گاڑی کی رکشہ کو ٹکر سے بلال پارک کا رہائشی فرحان اعظم موقع پر جانبحق ہو گیا جبکہ قاسم،مشتاق اور تنویر سمیت تین مسافر شدید زخمی ہوئے۔ حادثے کے بعد ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
روجھان میں انڈس ہائی وے قاضی کوارٹر کے قریب کار کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اورزخمیوں کو موقع پر طبعی امداد دی گئی ہے۔ کار سوار راجن پور سے روجھان پیشی پر جا رہے تھے کہ گاڑی کے ٹائر برسٹ ہونے سے حادثہ پیش آیا۔
خیرپورٹامیوالی میں بھی کھنڈا بستی کے قریب کار اور موٹر سائیکل میں تصادم ہوا جس میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ موٹر سائیکل پر سوار دو خواتین سمیت 4 افراد زخمی واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو خیرپورٹامیوالی منتقل کر دیا۔ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل غلط کراس کرتے ہوئے سامنے آنے والی گاڑی سے ٹکرا گیا تھا۔ ڈاکٹرز کے مطابق خواتین کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
قبل ازیں ہارون آباد میں تیز رفتار مسافر بس اور موٹر سائیکل میں تصادم ہوا جس میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہو گیا تھا۔ فقیروالی کے علاقہ جادوگر موڑ پرتیز رفتارمسافر بس نےموٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس سے موٹر سائیکل سوار فیصل رشید جاں بحق ہوگیا تھا۔
قصور کے علاقے مصطفیٰ آباد میں بھی فیکٹری ورکر کی بس نےبے قابو ہو کر ٹول پلازہ پر کھڑی 2 موٹرسائیکلوں کو ٹکر ماردی تھی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔مسافر بس کی بریک فیل ہونے کے باعث پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت 17 سالہ وقاص، 20 سالہ رفاقت اور 38 سالہ ذوالقرنین نام سے ہوئی۔بس کی ٹکر سے زخمی ہونے والوں کی شناخت امان اللہ، ارباز اور سیف علی کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔