UAEنے2 ارب ڈالر قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی:اسحاق ڈار

UAEنے2 ارب ڈالر قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی:اسحاق ڈار
کیپشن: یو اے ای نے2 ارب ڈالر قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی:اسحاق ڈار

ایک نیوز: وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ برادر اسلامی ملک متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو دئیے گئے 2 ارب ڈالر قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی ہے۔
وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ابوظہبی نے 2 ارب ڈالر قرض کی مدت میں توسیع وزیر اعظم شہباز شریف کے دورۂ متحدہ عرب امارات کے باعث کی۔
ٹوئٹر پیغام میں وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ سرکاری دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے قرض کی مدت میں اضافہ کرنے پر گفتگو کی تھی.

خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کا دورہ گزشتہ ہفتے کے دوران کیا۔ اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے 2 ارب ڈالر قرض کی مدت میں توسیع کا عزم ظاہر کیا تھا۔
اماراتی صدر نے پاکستان کو مزید 1 ارب ڈالر قرض دینے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر محمد بن زاید النہیان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک عرب امارات تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اسحاق ڈار سمیت دیگر وفاقی وزراء کو بھی متحدہ عرب امارات کے دورے کیلئے ساتھ لے گئے تھے۔ اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم کا یو اے ای کا یہ تیسرا دورہ تھا۔