ایک نیوز: اہم لیگی رہنما کیپٹن(ر) صفدر نے ایک مرتبہ پھر سابق آرمی چیف کو تنقید کا نشانہ بنادیا ہے۔ ملک میں آٹے کی کمی کا ذمہ دار بھی جنرل باجوہ اور فیض حمید کو قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اہم لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں کو نشانہ نہیں بنارہے لیکن آج بھی جسٹس منیر اور جسٹس ارشاد جیسے کردار موجود ہیں۔ ملک کو اس نہج پر پہنچانے والے پاناما کے اندرون خانہ بلیک میلر ججز ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عدالتوں نے کبھی ریاست یا سیاست دانوں کو نہیں بلکہ اپنی پینشنوں کو بچایا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس ثاقب نثار گروپ نے سپریم کورٹ کے ججوں کو بدنام کیا۔
موجودہ ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ اور فیض حمید کے پس پردہ مارشل لاء نے عوام کو آٹے سے محروم کردیا۔ موجودہ ملکی صورت حال کا ذمہ دار فیض حمید اور ثاقب نثار ٹولہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انشاء اللہ مریم نواز کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ مریم نواز کا استقبال نواز شریف کے استقبال کی ریہرسل ہوگی۔ مریم نواز اور نواز شریف کا استقبال فیض حمید اور ثاقب نثاری ٹولے کو بہا کر لے جائے گا۔