ایلون مسک نے ٹوئٹر دفتر کی قیمتی اشیاء نیلامی کیلئے پیش کردیں

Jan 19, 2023 | 09:52 AM

ایک نیوز: کیا آپ ٹوئٹر کی نایاب اشیاء خریدنا چاہتے ہیں؟ اگر ہاں تو ایلون مسک نے یہ نادر موقع آپ کو فراہم کردیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ایلون مسک نے ٹوئٹر کے سان فرانسسکو کے دفتر کی 100 سے زائد نایاب اشیاء آن نیلامی کیلئے پیش کر دیں۔

گزشتہ سال ٹوئٹر کے مالک بننے کے بعد ایلون مسک نے پہلے سیکڑوں ملازمین کو  فارغ کیا اس کے بعد دفتر میں موجود ملازمین کے لیے مفت کھانے کی سروس ختم کی اور اب ان کی جانب سے سان فرانسسکو کے دفتر کی پرانی اور قیمتی اشیا کی نیلامی کی جارہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر کے مشہور پرندے والے لوگو کا مجسمہ 11 ہزار ڈالرز میں نیلامی کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ دفتر کی کافی میز، پرنٹنگ کا سامان ، صوفے، کچن کا سامان  اور فرنیچر بھی نیلامی کے لیے پیش کیا گیاہے۔

گزشتہ سال نومبر میں ایلون مسک نے ٹوئٹ کرتے ہوئے انتباہ جاری کی تھی کہ کمپنی مالی نقصان میں جارہی ہے،ہوسکتا ہے کہ ٹوئٹر بینک کرپٹ میں ہوجائے۔

دوسری جانب گزشتہ دنوں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ ٹوئٹر پر سان فرانسسکو کے دفتر کا کرایہ نہ دینے پر مقدمہ کیا گیا ۔

واضح رہے کہ حال ہی میں یہ رپورٹ بھی سامنے آئی کہ ایلون مسک دنیا کے پہلے ایسے شخص بن گئے ہیں جن کی دولت میں 200 ارب ڈالرز کی کمی آئی ہے۔

نومبر 2021 میں ایلون مسک کی دولت ریکارڈ 340 ارب ڈالرز تک پہنچی مگر 2022 کے اختتام پر وہ گھٹ کر 137 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ کمپنی کا سامان بیچنے سے ٹوئٹر کو فائدہ ہوگا تو ایسا سوچنا بے وقوفی ہے۔

مزیدخبریں