ایک نیوز: بانی پی ٹی آئی نے وکلاء اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اجازت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل شیر افضل مروت نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود وکلاء اور پارٹی رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جارہا، وکلاء کو دستاویزات تو دور کی بات، ایک صفحہ تک اڈیالہ جیل کے اندر نہیں لے کر جانے دیا جاتا۔
درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا کہ اڈیالہ جیل انتظامیہ کی جانب سے وکلاء کے دستاویزات کو قبضے میں لے لیا جاتا ہے اور 24 گھنٹے بعد واپس کیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار خان، اسد قیصر اور فیض الرحمن سے سیاسی مشاورت کیلئے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، عدالت اڈیالہ جیل انتظامیہ کو بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی اکیلے میں ملاقات کا حق فراہم کرنے کے احکامات جاری کرے، عدالت بانی پی ٹی آئی کی وکلاء اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اجازت دینے کے احکامات جاری کرے، ا درخواست میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، سپرینٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے