ملک کے مختلف شہروں میں بارش ، برفباری

Feb 19, 2024 | 10:28 AM

ایک نیوز:ملک کے مختلف شہروں میں بارش کی وجہ سے جاتی ہوئی سرد ی واپس لوٹ آئی ۔

تفصیلات کےمطابق جڑواں شہروں اسلام آباد راولپنڈی میں موسلادھار بارش ،واسا راولپنڈی نے رین ایمرجنسی لگا دی، عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئیں۔ ترجمان واسا کے مطابق ہیوی مشینری نشیبی علاقوں میں پہنچا دی گئی۔  نکاسی آب  کا آپریشن جاری ہے ، بارش سے پیدا صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں.

ادھر  لاہور کے مختلف علاقوں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن سمیت شہر کے دیگر مقامات پر بوندا باندی ہوئی۔

قصور، پتوکی، مریدکے، شیخوپورہ اور دیگر شہروں میں بھی ہلکی بارش ہوئی، بادل برسنے کیساتھ چلنے والی ٹھنڈی ہوا نے سردی میں اضافہ کر دیا۔بالائی چترال اور لوئر چترال میں شدید برفباری جاری ہے، چترال شہر میں تقریباً 4 انچ برف پڑ چکی ہے۔ برفباری کے باعث لواری ٹنل ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر لوئرچترال کا کہنا ہے کہ برف ہٹانے کا کام جاری ہے، مسافر برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برفباری کے دوران سنو چین کا استعمال یقینی بنائیں۔

آزادکشمیر کے بالائی علاقوں برفباری اور بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔ سیاحتی مقامات پیر چناسی، گنگا چوٹی، تولی پیر کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی۔ بارش برفباری اگلے دو روز تک مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔

پشاور میں بارش سے موسم سرد ہوگیا جبکہ ندی نالے ابل پڑے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر گزشتہ رات سے اب تک 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

مزیدخبریں