ایک نیوز :تحریک انصاف نے جیل بھروتحریک کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدیں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت لاہور کے سٹیک ہولڈر کا ویڈیو لنک پر اہم اجلاس ہوا جس میں اعجاز چودھری نے شرکاء کو جیل بھرو تحریک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں جیل بھرو تحریک کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، عمران خان نے لاہور کے تمام سٹیک ہولڈر کو جیل بھرو تحریک کیلئے بھرپور تیاری کرنے، ڈور ٹو ڈور کمپین پر فوکس کرنے اور الیکشن کراؤ ملک بچاؤ کے حوالے سے ریلیاں نکالنے کی ہدایت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی تحریک انصاف نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں لاہور بھر میں ڈور ٹو ڈور کمپین کو سراہا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کی طرف سے عوام کو مہنگائی کے سمندر میں دھکیلنے پر ہر سطح پر بھرپور آواز بلند کریں گے۔حکمران الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، آئین شکنی کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگے گا۔
اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف بھرپور تیاری کے ساتھ جیل بھرو تحریک کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ تحریک انصاف غریب عوام کو مہنگائی کے سمندر سے نکالنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ لاہور کے تمام سٹیک ہولڈر کا جیل بھرو تحریک میں اہم کردار ہے۔
چئیرمین عمران خان کے کل لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے۔
اجلاس میں شفقت محمود، شیخ امتیاز محمود، غلام محی الدین دیوان، میاں محمود الرشید، علی امتیاز وڑائچ، مراد راس، جمشید اقبال چیمہ، میاں محمد اکرم عثمان، رخسانہ نوید، ندیم بارا، روبینہ شاہین، ملک ظہیر عباس کھوکھر، نوشین حامد معراج سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔