ایک نیوز: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی انسانی ہمدردی اور فلاحی تنظیموں کو ترکیہ میں امدادی سرگرمیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سرگرمیوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرِ منصوبہ بندی کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی قائم کر لی گئی، ذیلی کمیٹی ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرین کیلئے بھیجی جانے والی امداد کی معلومات کا حکومتی اداروں اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں سے تبادلہ کرے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امدادی کارروائیوں کی رئیل ٹائم معلومات کے تبادلے سے ترک اور شامی بہن بھائیوں کی منظم طریقے سے مدد ممکن ہو سکے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی انسانی ہمدردی کی تنظیمیں ترکیہ اور شام میں اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی مدد میں پیش پیش ہیں، پاکستان کے خیراتی اداروں نے ترکیہ اور شام میں امدادی سرگرمیوں سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان سے جانے والی تمام امداد کو منظم کرنے کیلئے اسے NDMA کے ذریعے بھیجا جائے، ترکیہ اور شام میں امدادی سامان کی بہتر ترسیل و تقسیم این ڈی ایم اے کے ذریعے بھیجے جانے سے ہی ممکن ہے، ترکیہ اور شام میں ان کی ضروریات کے مطابق امدادی سامان بھیجا جائے۔