ایک نیوز: اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں چوکیدار نے فائرنگ کرکے لیکچرار کو قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح پشاور کی اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں شیر محمد نامی چوکیدار نے لیکچرار بشیر احمد پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ شیر محمد فرار ہوگیا۔
اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے ترجمان علی ہوتی نے بتایا کہ بشیر احمد اسلامیہ کالج میں انگریزی کے شعبے سے وابستہ تھے اور ان کا قیام بھی یونیورسٹی کے اندر ہی تھا۔
علی ہوتی نے بتایا کہ چوکیدار اور بشیراحمد کے درمیان چند روز قبل بھی تلخ کلامی ہوئی تھی لیکن وہاں موجود لوگوں نے دونوں کے درمیان صلح صفائی کرادی تھی۔ شیر محمد اور بشیر احمد کے درمیان آج دوبارہ تلخ کلامی ہوئی، جس پر شیر محمد نے فائرنگ کرکے بشیر احمد کو قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جب کہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔