ایک نیوز: ملک بھر میں شب معراج ہفتہ 18 فروری کی رات کو مذہبی عقیدت اور احترام سے منائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق شب معراج کے موقع پر مساجد پر چراغاں کیا گیا، پوری رات مساجد میں درود وسلام کی صدائیں گونجتی رہیں، لاکھوں فرزندان اسلام نے شب بیداری کی، نوافل ادا کئے اور روزے کا بھی اہتمام کیا گیا۔محافل میں علمائے کرام، مشائخ عظام اور مفتیان کرام نے شب معراج کے حوالے سے اپنے خصوصی خطاب میں اس رات کی فضیلت بیان کی، واقعہ معراج کا تفصیلی ذکر کیا اور نبی آخرالزماںؐ کی حیات طیبہ کو اجاگر کیا۔
27رجب کی شب حضرت محمد ﷺکو معراج کا شرف عطاء کیا گیا، جب حضرت جبرائیل براق لے کر نبی آخرالزماںؐ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی اے اللہ کے رسولﷺ، آپ کا رب آپ سے ملاقات چاہتا ہے، حضور اکرم ﷺبراق پر سوار ہوئے اور اپنے رب سے ملاقات کیلئے چل دیئے۔
اس مقدس سفر کے دوران آپﷺ مکہ سے مسجد اقصیٰ گئے اور وہاں تمام انبیائے کرام کی نماز کی امامت فرمائی، پھر آپ کو آسمانوں میں اللہ تعالیٰ سے ملاقات کرانے کے لئے لے جایا گیا، وہاں رسول اکرمﷺ کو جنت اور دوزخ بھی دکھائی گئیں۔ آپﷺ کی ملاقات مختلف انبیائے کرام سے بھی کرائی گئی، اسی سفر میں نماز بھی فرض ہوئی۔