اے این ایف کی مختلف کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

Feb 19, 2023 | 11:27 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:اے این ایف کی ملک بھر میں کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی منشیات پکڑی گئیں جبکہ 2 خواتین سمیت متعدد ملزمان کو حراست میں لے لیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان کاکہناہے کہ کراچی میں سپرہائی وے پر کارروائی کے دوران خاتون سے 1 کلو کرسٹل ہیروئن اور900 گرام آئس برآمدہوئی ، گوادر کے قریب درختوں میں چھپائی گئی 25 کلو چرس،10 کلو ہیروئن، 150 کلو آئس قبضے میں لے لی گئی ، اس کے علاوہ چمن سے 586.8 لیٹرز ممنوعہ کیمیکل برآمد ہوا۔کوئٹہ شہر ہزار گنجی میں کارروائی کے دوران کار سے 105 کلو چرس برآمدہوئی،تربت میں خالی مکان سے 490 کلو چرس پکڑی گئی۔

ادھر اسلام آباد ترنول ٹول پلازہ کے قریب پک اپ سے 43 کلو 200 گرام چرس، 7 کلو افیون برآمدہوئی،برآمد منشیات پک اپ کے فرش میں بنے خفیہ خانے میں چھپائی گئی تھی ، اے این ایف نے 2 ملزم بھی حراست میں لے لئے،اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمدہوئی، ترجمان کے مطابق 16 کلو ہیروئن،7 کلو200 گرام افیون اور7 کلو 200 گرام چرس برآمد ہوئی،کارروائی کے دوران لاہور کی رہائشی خاتون سمیت 2 ملزم گرفتارہوئے۔

دوسری جانب اے این ایف اور اے ایس ایف نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ریاض جانے والے ملزم سے 820 گرام ہیروئن برآمدکرلی،اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب نوشہرہ کے رہائشی ملزم سے 2 کلو 400 گرام چرس پکڑی گئی، لاہور ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے ملزم کے ٹرالی بیگ سے 489 گرام ہیروئن برآمدہوئی۔

اے این ایف اور ایف سی نے خیبر میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پاک افغان بارڈرپر پلاسٹک کے تھیلوں سے 29 کلو چرس برآمدہوئی ،گرفتار ملزموں کیخلاف انسداد دمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے۔

مزیدخبریں