سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف کادورہ عمان ،سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں 

Dec 19, 2024 | 12:52 PM

ایک نیوز:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے عمان کاسرکاری دورہ کیا۔
اس دورے کے دوران انہوں نے عمان کے سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کی،نیول چیف کی سلطنت عمان کے شاہی دفتر کے وزیرکمانڈر رائل نیوی آف عمان اور کمانڈر نیشنل ڈیفنس کالج سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔
ملاقاتوں کے دوران بحرِ ہند کی سکیورٹی صورتحال اور مشترکہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، نیول چیف نے بحری قزاقی اور سمگلنگ کی روک تھام میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔
نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان بحریہ دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر میری ٹائم سیکورٹی کے فروغ کی مضبوط حامی ہے۔
عمان کے سول و عسکری حکام نے علاقائی بحری امن و استحکام کے قیام میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا ، بعد ازاں نیول چیف نے سید بن سلطان نیول بیس، رائل عمان بحریہ کے بحری جہاز، میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر، نیشنل ڈیفنس کالج ، ملٹری ٹیکنیکل کالج اور سلطان قابوس نیول اکیڈمی سمیت اہم بحری تنصیبات کا دورہ بھی کیا ۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کے اس دورے سے دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔    

مزیدخبریں