ایک نیوز(چودھری اشرف)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت گورننگ بورڈ کا 76 واں اجلاس ہوا،جلاس میں گورننگ بورڈ کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی ۔
اجلاس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پر اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا،گورننگ بورڈ کو قذافی سٹیڈیم، نیشنل سٹیڈیم اور راولپنڈی سٹیڈیم کی تعمیر نو پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گورننگ بورڈ کو چیمپئنز ٹرافی سے متعلق اعتماد میں لیا،گورننگ بورڈ کے اراکین نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے متعلق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی موقف کوسراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے ہی پاکستان اور کرکٹ کی جیت کی بات کر رہا ہوں، پی سی بی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہے، چیمپئنز ٹرافی کے لئے ہر طرح کی تیاریاں مکمل ہیں،پاکستان کے اصولی موقف کو ہر کسی نے سراہا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے، کوئی حرف نہیں آنے دیں گے،تمام ٹیموں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہیں گے،پاکستانی تمام ٹیموں کو اپنے گراؤنڈز پر کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں،کرکٹ میں سیاست کے خلاف ہوں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ کھیل ہے جس سے کروڑوں شائقین محبت کرتے ہیں۔ کھیل کو کھیل رہنا چاہیے، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے قبل سٹیڈیمز کی تعمیر نو کا کام مکمل ہو جائے گا،پوری ٹیم دن رات سٹیڈیمز کی تعمیر نو پر محنت سے کام کر رہی ہے۔
چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی ، پی ایس ایل کے ہیڈ سلمان نصیر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔