55 ہندو یاتری پاکستان پہنچ گئے ،واہگہ بارڈر پربھرپوراستقبال

Dec 19, 2023 | 17:55 PM

ایک نیوز :وجے کمار شرما کی زیر قیادت 55 ہندو یاتری واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔بھرپوراستقبال کیاگیا۔

واہگہ بارڈر پہنچنے پر ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم نے یاتریوں کا استقبال کیا۔ہندو یاتری کٹاس راج تقریبات میں شرکت کے لئے7روزہ یاترا پر پاکستان آئے ہیں۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے بھارتی ہندو یاتریوں کے طعام، قیام، پوجا پاٹ کے حوالے سے تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔کٹاس راج میں موجو د سبھی17مندروں سمیت دیگر اہم مقامات پر سیکورٹی سٹاف تعینات کردیاگیا۔

پاکستان پہنچنے والے ہندو یاتری آج  شب گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب لاہور میں قیام کریں گے۔ہندو یاتری کو کل خصوصی بسوں کے ذریعے کٹاس راج مندر(ضلع چکوال)روانہ کر دیا جائے گا ۔ ہندو یاتری 21اور22دسمبر کو کٹاس راج میں  قیام کریں گے۔جہاں ”شیو راتری پوجا/کارتک پوجا اور پوتر اشنان کی مرکزی تقریب منعقد ہو گی۔ تقریب میں بھارتی ہندو یاتریوں کے علاوہ پاکستان میں بسنے والے ہندو مذہب کے پیروکار بھی شریک ہوں گے ۔ ”دیپ مالا“ کی خوشیاں منائیں گے۔

 کٹاس راج میں قیام کے بعد 23دسمبر کو ہندو یاتری واپس لاہور آئیں گے ۔24 دسمبر کو شاہی قلعہ لاہور میں شری لو کی سمادھی پر حاضری کے علاوہ کرشنا مندر لاہور کا دورہ کریں گے اور لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کریں گے ۔اپنے عزیز و اقارب کے لئے تحائف خریدیں گے ۔

ہندو یاتری25 دسمبر کو واہگہ چیک پوسٹ راستے ہی واپس چلے جائیں گے ۔

مزیدخبریں