ویب ڈیسک: عام انتخابات 2024 کے لیے انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز آج سے ہو رہا ہے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری انتخابی شیڈول کے مطابق عام انتخابات 2024 کے لیے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کے لیے ریٹرننگ افسران آج پبلک نوٹس جاری کریں گے۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے ضروری ہدایات اور رہنمائی جاری کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ایک امیدوار مختلف تجویز کنندگان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پانچ کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتا ہے۔ کاغذات نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ افسر کے دفتر میں 20 سے 22 دسمبر تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔
قومی اسمبلی کی فیس 30 ہزار جبکہ صوبائی اسمبلی کی 20 ہزار روپے ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدوار کیلئے پاکستان کا شہری ہونا ضروری ہے۔ عمر کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت 25 سال سے کم نہ ہو۔ بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی نشست کیلئے امیدوار پاکستان میں کسی بھی جگہ کا ووٹر ہو سکتا ہے جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست کیلئے امیدوار کا متعلقہ صوبے کا ہونا ضروری ہے۔
قومی اسمبلی کیلئے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے بھی امیدوار کا متعلقہ صوبے کا ووٹر ہونا لازمی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی ابتدائی فہرست 23 دسمبر کو لگے گی۔ جانچ پڑتال 24 سے 30 دسمبر ،منظور یا مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں 3 جنوری کو دائر کی جا سکیں گی۔ اپیلٹ ٹربیونل کی جانب سے فیصلے دس جنوری تک کیے جائیں گے۔ نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو جاری ہوگی جبکہ 12 جنوری کو کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے۔ انتخابی نشانات کی الاٹ منٹ 13 جنوری کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے باہر کاؤنٹر برائے حصول کاغذات نامزدگی قائم:
الیکشن کمیشن کے باہر کاوئنڑ برائے حصول کاغذات نامزدگی قائم کر دیا گیا۔ تمام امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی کاؤنٹر سے حاصل کر سکتے ہیں۔ امیدواروں کی کاغذات ںامزدگی فارمز کے لیے آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
قومی اسمبلی کی غیر مسلم نشستوں کے لیے بھی کاؤنٹر بنایا گیا ہے۔
ووٹرز کی تعداد میں اضافہ
دوسری جانب 2018 کے مقابلے میں 2024 کے عام انتخابات کے لیے 2 کروڑ 26 لاکھ 30 ہزار 351 ووٹرز کا اضافہ ہو گیا ہے، ملک میں ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہوگئی ہے۔
#ECP pic.twitter.com/5GMkJZ1u8l
— Election Commission of Pakistan (OFFICIAL) (@ECP_Pakistan) December 18, 2023
2018 کے الیکشن میں ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 تھی، مرد ووٹرز کی شرح 53.87 فیصد اور خواتین ووٹرز کی شرح 46.13 فیصد ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 ہے۔
ملک بھر میں ڈی آر اوز کی ٹریننگ کا آخری روز
آج الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر میں ڈی آر اوز کی ٹریننگ کا آخری روز ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ٹریننگ ملک بھر میں ڈویژنل سطح پر جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ آفیسرز کی 2 روزہ ٹریننگ کل مکمل کرلی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 859 ریٹرننگ افسران اور 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو ٹریننگ دی جارہی ہے۔
ٹریننگ الیکشن کمیشن کے سینئر افسران دے رہے ہیں۔