'علم سب کیلئے': پاک فوج تعلیم کی روشنیاں بکھیرنے کے سفر پر گامزن 

Dec 19, 2023 | 08:36 AM

ایک نیوز: دہشت گردی کی لعنت کو کامیابی سے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے بعد پاک فوج اور خیبر پختونخوا حکومت کے مشترکہ تعاون سے جنوبی وزیرستان کے دور دراز علاقوں سے ناخواندگی کے اندھیروں کو ختم کرنے کے لیے مہم "علم سب کے لئے" پورے زور و شور سے جاری ہے۔ 

مہم کی بڑی کامیابی میں سے ایک یہ ہے کہ 2015 سے غیر فعال گورنمنٹ پرائمری سکول، مدی جان میں تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ سکول میں سینکڑوں کی تعداد میں بچوں کے داخلوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ 

پاک فوج کی جانب سے سکول میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں تعلیمی حوصلہ افزائی کے لیے بچوں میں کتابیں اور سٹیشنری تقسیم کی گئی۔ مہم میں تعلیمی انفراسٹرکچر کو فعال بنانے کے لیے جدو جہد جاری ہے۔ 

تعلیمی انفراسٹرکچر کے فعال ہونے سے تعلیم کی فراہمی کا سلسلہ اور بھی منظم ہوگا۔ مدی جان کے مقامی عوام نے پختونخوا حکومت اور پاک فوج کی انتھک کوششوں کو بے حد سراہا۔ 

مہم کو سراہتے ہوئے مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ اگر اسی طرز پر دیگر غیر فعال تعلیمی مراکز کو بھی فعال کر دیا جائے تو اس سے نہ صرف مجموعی شرح خواندگی بڑھے گی بلکہ ضم شدہ اضلاع کے نوجوان ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر پائیں گے۔

مزیدخبریں