ٹورنٹو ،  حملہ آور کی رہائشی عمارت میں گھس کر فائرنگ، 5 ہلاک  

5 killed in toronto
کیپشن: 5 killed in toronto
سورس: google

 ایک نیوز نیوز: کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں فائرنگ ۔حملہ آور سمیت پانچ افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
 رپورٹ کے مطابق  مقامی پولیس چیف جم میک سوین  نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مشتبہ شخص بھی ہلاک ہو گیا ہے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ٹورانٹو سے 30 کلو میٹر کے فاصلے پر موجود وان نامی شہر کی ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ میں پیش آیا ہے۔
واقعے میں زخمی ہونے والے شخص کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔پولیس چیف جم میک سوین نے صحافیوں کو بتایا کہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو وہاں انتہائی خوفناک منظر تھا اور کئی افراد کی لاشیں پڑی ہوئی تھیں۔ ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں مختلف اپارٹمنٹس میں موجود تھیں۔پولیس کی جانب سے جاری تحقیقات میں معلوم کیا جا رہا ہے کہ کیا ملزم اور متاثرین کے آپس میں کسی قسم کا کوئی تعلق تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق عمارت کو خالی کرا دیا گیا ہے جبکہ پولیس اہلکاروں کے علاوہ  متعدد ایمبولینسیں بھی موقع پر موجود تھیں۔امریکہ کے مقابلے میں ہمسایہ ملک کینیڈا میں فائرنگ کے واقعات کی تعداد انتہائی کم ہے تاہم گزشتہ کچھ عرصے میں اسلحے کے استعمال کے باعث ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد حکومت نے پستول اور چھوٹے ہتھیاروں پر پابندی کا قانون منظور کیا۔