استعفوں کی تصدیق: پی ٹی آئی اراکین سپیکر کے سامنے پیش ہونے کو تیار

Dec 19, 2022 | 12:11 PM

ایک نیوز نیوز: پاکستان تحریکِ انصاف کے اراکینِ قومی اسمبلی استعفوں کی تصدیق کیلئے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کے سامنے پیش ہونے کیلئے تیار ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کو استعفوں کے معاملے پر خط لکھ دیا تاہم اسپیکر آفس کی جانب سے خط کا جواب موصول نہ ہونے پر اراکین نے ذاتی طور پر پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی اراکین بدھ یا جمعرات تک اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے سامنے پیش ہوسکتے ہیں، عمران خان نے قومی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان اراکینِ قومی اسمبلی کو مستعفی ہونے کیلئے اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کی بھی ہدایت کرچکے ہیں۔ راجہ پرویز اشرف کے سامنے حاضری کی تاریخ کا تعین تاحال نہیں کیا گیا۔
عمران خان حتمی تاریخ کی منظوری دیں گے۔ پی ٹی آئی کے نائب چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کچھ روز قبل ہی اسپیکر راجہ پرویز اشرف کو خط لکھ کر استعفوں کی تصدیق کیلئے وقت دینے کی درخواست کی تھی جو تاحال نہیں دیا گیا۔

مزیدخبریں