ایک نیوز نیوز: کراچی ٹیسٹ میچ میں تیسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا، انگلینڈ کی بیٹنگ جاری ہے اور اسے پاکستان کے خلاف کلین سوئپ کے لیے محض 55 رنز درکار ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 21 رنز بغیر کسی نقصان سے کیا تو شان مسعود 3 اور عبداللہ شفیق 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے اور پاکستان کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 29 رنز درکار تھے۔ پاکستان کا اسکور 53 رنز پر پہنچا تو پہلے شان مسعود ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں لیچ کی گیند پر بولڈ ہو گئے اور پھر اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے اظہر علی بھی دوسری ہی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ عبداللہ شفیق بھی 26 رنز بنا کر لیچ ہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
کپتان بابر اعظم 54 اور سعود شکیل 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فہیم اشرف صرف ایک رن بنا کر جو روٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، نعمان علی 15 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر ایل بھی ڈبلیو ہوئے۔ محمد وسیم جونیئر 2 رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
یاد رہے کہ کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 304 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے 354 رنز بنائے تھے اور پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 50 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو صفر کی فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔