پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 5 خوارج ہلاک، 3 اہلکار شہید

Aug 19, 2024 | 20:47 PM

ویب ڈیسک: باجوڑ میں خوارج کی پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش ناکام، آپریشن کے دوران 3 جوان شہید جبکہ 5 خوارجوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت نوٹ کی گئی، جو دراندازی کی کوشش کر رہے تھے،  سکیورٹی فورسز نے ان خوارج کو ضلع باجوڑ میں جا پکڑا۔

فورسز نے مؤثر طریقے سے ان خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا،نتیجتاً فتنہ الخوارج کے 5خوارج ہلاک ہوئے اور 4زخمی ہوگئے۔

تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع خیبر کے 36 سالہ نائیک عنایت خان، مانسہرہ کے 35 سالہ لانس نائیک عمر حیات اور پشاور کے رہائشی 25 سالہ سپاہی وقار خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔  

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے،توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے  کیلئے افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت  کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔  

مزیدخبریں