ایک نیوز: وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے بھارت کے ساتھ کچھ مسائل ہیں جو حل طلب ہیں ،جب تک وہ مسائل حل نہیں ہونگے تجارت ممکن نہیں ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جام کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے بھارت کے ساتھ ہمارے وہ تعلقات نہیں ہیں جو دوسرے ممالک کے ساتھ ہیں، ہم بھارت سے بلاوجہ ناراض نہیں ہیں کچھ مسائل آڑے آجاتے ہیں، ہندوستان کے ساتھ کچھ مسائل ہیں جو حل طلب ہیں، جب تک وہ مسائل حل نہیں ہونگے تجارت ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان کے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات ہیں، بنگلہ دیش کے حوالے سے تین ہفتوں میں بڑی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں، پاکستان اس کو بڑے نزدیک سے دیکھ رہا ہے، بنگلہ دیش کی ٹیکسٹائل ملز کے ساتھ ہمارے ٹیکسٹائل ملز والے رابطے میں ہیں، حکومت نے اب تک بنگلہ دیش کے صنعت کاروں سے رابطہ نہیں کیا ۔