ایک نیوز:وفاقی دار الحکومت میں 100 بستروں پر مشتمل جدید انٹرنیشنل ہسپتال کی تعمیر کا آغاز، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے انٹرنیشنل ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے ہسپتال نیشنل پولیس فاؤنڈیشن (NPF) اور ترکیہ کی ایک نجی کمپنی کے تعاون سے تعمیر کیا جائے گا، 100 بستروں پر مشتمل اس ہسپتال کی تکمیل سے پولیس کے جوانوں اور عوام کو صحت کی جدید ترین سہولیات میسر ہوں گی ،صابر احمد کی آمد نے نیشنل پولیس فاونڈیشن کو دوبارہ زندہ کیا ہے، تمام منصوبوں کی آمدن شہدا اور پولیس کی ویلفیئر پر لگائی جا رہی ہے، شہدا ءاور پولیس کی ویلفیئر کیلئے محنت اور لگن سے کام کیا جا رہا ہے، انٹرنیشنل ہسپتال کا یہ منصوبہ این پی ایف کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن اور سی ڈی اے باہمی اشتراک سے نئے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا نیشنل پولیس فاؤنڈیشن صرف اسلام آباد تک محدود نہیں ہے، شہدا اور پولیس کے جوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے صوبوں میں بھی کام کیا جا رہا ہے، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن نے حال ہی میں شہدا اور جوانوں کیلئے حیدرآباد میں بھی ایک منصوبے کو مکمل کیا ہے، نیشنل پولیس اکیڈمی کی تعمیر نو کی جارہی ہے، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن نے اس ہسپتال کے لیے زمین فراہم کی ہے، ہسپتال کی تعمیر مکمل طور پر ترکیہ کی ایک نجی کمپنی کی طرف سے کی جا رہی ہے ، منصوبہ کا تخمینہ لاگت 5 ارب روپے ہے جو ترکیہ کی کمپنی فراہم کرے گی۔