ایک نیوز:وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے وفاقی حکومت موجودہ حالات میں جو کرسکتی ہے وہ کررہی ہے، تنقید کی بجائے اس قدم کو سراہنا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومتی ترجیح ہے، بجلی کے بلوں پر باتیں کی جا رہی ہیں،عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں،وفاق200یونٹ تک کے صارفین کو ریلیف فراہم کر رہا ہے،وفاقی حکومت نے ملک بھر میں بجلی صارفین کو 50ارب کی سبسڈی دی،یہ رقم ترقیاتی بجٹ سے کٹوتی کرکے بجلی بلوں میں ریلیف کیلئے دی گئی،وفاقی حکومت پاکستان بھر کے صارفین کو ریلیف دے رہی ہے،پنجاب حکومت بجلی بلوں میں عوام کو ریلیف دے رہی ہے،تنقید کی بجائے حکومتی اقدامات کو سراہنا چاہئے۔
انہوں نے کہا نواز شریف کی قیادت میں سب سے پہلی ترجیح بجلی بلوں میں ریلیف دینا تھا،وفاق موجودہ حالات میں جو کرسکتا ہے وہ کر رہا ہے،تنقید کی بجائے اس قدم کو سراہنا چاہئے، وزیراعظم نے 14 اگست کو عوام کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کیں، اسی طرح پنجاب حکومت نے 200 سے 500 یونٹ تک کے بجلی کے صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کی، پچھلے سال مہنگائی 23 فیصد تھی، اس سال 11 فیصد آ گئی ہے، مہنگائی میں مزید کمی واقع ہوگی، تمام سیاسی جماعتیں نہ صرف اس قدم کو سراہیں بلکہ اس ماڈل کو آگے لے کر جائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا ڈسکوز کی پرائیویٹائزیشن، بجلی چوری کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، بجلی کی قیمتوں کو کم کرنے کے لئے دیرپا حل لایا جا رہا ہے، گرمیوں کے موسم میں عوام کو ریلیف کی فراہمی احسن اقدام ہے ۔