ایک نیوز: بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ نئے ریفرنس کی سماعت ہوئی، عدالت نے بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان صفدر عدالت پیش ہوئے، نیب ٹیم ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون اور پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی کی سربراہی میں عدالت پیش ہوئی ، ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔
نیب کی جانب سے بتایا گیاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان شامل تفتیش ہو گئے،تحریری بیان دیا ہے، بشریٰ بی بی کا تحریری بیان بھی تفتیشی ٹیم کو دیا گیا ہے۔
نیب کی جانب سے دونوں ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی گئی۔
بعد ازاں عدالت نے بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا اور دونوں ملزمان کو 2ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کاحکم دیدیا۔