ایک نیوز:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نےانسانیت کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ انسانوں کی خدمت کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہوں،دنیا بھر میں انسانیت کے خدمت گاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت کاعظیم مقصد قوموں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتا ہے، خدمت میں مصروف تمام ریسکیورز، ڈاکٹرز، نرسز، امدادی کارکنان کو سلام پیش کرتی ہوں، انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھتی ہوں، عوام کی خدمت کے لئے تعلیم، صحت اور فلاحی منصوبے اولین ترجیح ہیں، انسانیت کی خدمت ہمار ا منشور اور نصب العین ہے، انسانیت کی خدمت کے لئے پاکستان کی پہلی ائیر ایمبولینس پراجیکٹ لانچ کیا ہے ۔
مریم کا مزید کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت کے عزم کو نبھاتے ہوئے ہسپتال اور مراکز صحت کی اپ گریڈیشن شروع کی ہے ، انسانیت کی خدمت ہی اولین ہے، فیلڈ ہسپتال، کلینک آن ویلز اور مفت ادویات دہلیز پر پہنچائی جارہی ہیں، انسانیت کی خدمت کا مشن پورا کرنے کے لئے ریسکیو 1122 کو موٹر ویز پر تعینات کیا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتے ہیں جہاں ہر انسان کو عزت و وقار کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہو، انسانیت کے خدمت گار بنیں، جو مشکل میں ہو اسکی مدد کریں فرض بھی ہے اور ہماری روایت بھی، انسانیت کی خدمت سنت نبویﷺ اور اللہ تعالیٰ بھی راضی ہوتے ہیں۔