مسیحی برادری کو تحفظ کی یقین دہانی کرواتے ہیں، گھروں کو لوٹ آئیں، آئی جی پنجاب

Aug 19, 2023 | 15:56 PM

ایک نیوز: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مسیحی برادری کو تحفظ کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔ وہ بلاخوف وخطر اپنے گھروں کو لوٹ آئیں۔ ان کے گھر ان کے منتظر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جڑانوالہ میں مسیحی کمیونٹی کی سیکیورٹی، گھروں و عبادت گاہوں کی بحالی بارے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جڑانوالہ میں اب امن کی واپسی کا سفر شروع ہو چکا ہے، 6500 سے زائد پولیس افسران و اہلکار ہائی الرٹ ہو کر فرائض ادا کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن، وزیر اعلی پنجاب کے حکم کے مطابق مفاہمت اور تعمیر نو کا عمل شروع ہو چکا ہے، امن کمیٹی کے ارکان، علما کرام، مسیحی کمیونٹی لیڈرز، پادری مل بیٹھے ہیں، بات چیت ہوئی ہے، ایک دوسرے سے گلے ملے ہیں۔ 

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ مفاہمت اور تعمیر نو کے عمل میں یہ بہت بڑی پیش رفت ہے، بہت ساری مسیحی فیملیاں اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئی ہیں، پنجاب پولیس نے بچوں اور فیملیز کو دانش سکول میں شفٹ کیا، ان کے گھروں کی بحالی،تزئین و آرائش کا کام جلد از جلد مکمل کیا جا رہا ہے۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ ہم تمام مسیحی فیملیز کو گارنٹی دیتے ہیں،پولیس نفری، رینجرز، انٹیلی جنس اداروں کی موجودگی میں کسی کو گھبرانے یا خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ تمام مسیحی فیملیز اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئیں، آپ کے گھر آپ کے منتظر ہیں۔ 

اپنے پیغام میں انہوں ںے کہا کہ گھروں کی تعمیر نو کے کام میں حکومت پنجاب اور پولیس آپ کی ہر ممکن مدد یقینی بنا رہی ہے، پنجاب پولیس نے انتظامیہ کے تعاون سے مسیحی فیملیز کے قیام و طعام کا بندوبست کر دیا ہے۔ 

آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ واقعہ کی 100 فیصد میرٹ پر تفتیش پولیس کا کام ہے جسے مکمل شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جارہا ہے۔

مزیدخبریں