ایک نیوز: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری کے بعد پارٹی میں دراڑیں پڑ گئیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کی میٹنگ میں دو گروپ آمنے سامنے آ گئے اور ایک دوسرے کے خلاف سخت جملوں کا تبادلہ کیا گیا تاہم عمرایوب نے اس کی تردید کردی ہے۔
پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ کور کمیٹی میٹنگ کی تفصیلات اور ریکارڈنگ باہر نکلنے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات لگائے گئے، پی ٹی آئی رہنماؤں نے ایک دوسرے کو غدار تک قرار دے دیا۔
ذرائع کے مطابق کئی پی ٹی آئی اراکین کی رائے تھی کہ کور کمیٹی اجلاس میں اب سنجیدہ معاملات پر گفتگو نہیں ہو سکتی، ممبر کور کمیٹی کا کہنا تھا عمر ایوب اور شبلی فراز اجازت دیں تو پارٹی کے اندر غدار کی نشاندہی کردوں گا۔
ذرائع کا کہنا ہے ممبر کور کمیٹی نے اجلاس میں دعویٰ کیا کہ کور کمیٹی میں غدار قرار دینے والے ممبر سے عمر ایوب مسلسل رابطوں میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق عمر ایوب اور شاہ محمود قریشی کے درمیان بھی چیئرمین پی ٹی آئی کا جانشین بننے کے لیے کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔
ناراضگی کے باوجود غداروں کی نشاندہی کروں گا، شیرافضل مروت
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ناراضی کے باوجود میں غداروں کی نشاندہی کروں گا، عمر ایوب نے اجلاس کے دوران ریکارڈ شدہ ورژن چلایا، میں سیاست دان نہیں پروفیشنل وکیل ہوں، میں تفریح یا سسپنس کے لیے مزید دشمن بنانے کی خواہش نہیں رکھتا۔
شیرافضل مروت نے مزید کہا کہ پارٹی میں موجود غداروں کو چیلنج کرنے کے لیے بڑے حوصلے کی ضرورت ہے، مجھے اس کےنتائج بھگتنا ہوں گے، چاہے کچھ بھی ہو، اپنی جنگ اکیلے ہی جاری رکھوں گا۔
یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنی گرفتاری سے قبل وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو پارٹی معاملات چلانے کے اختیارات تفویض کیے تھے۔
کور کمیٹی ارکان میں جھگڑے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، عمرایوب
پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اراکین کے مابین جھگڑے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف نجی ٹی وی مکمل طور پر جھوٹی خبریں پیش کررہا ہے، جیسا کہ اس کا دستور ہے جبکہ سابق وزیر اعظم عمران خان پی ٹی آئی کے چیئرمین ہیں۔
ٹوئٹر پیغام میں عمر ایوب خان نے کہا کہ عمران خان ہمارے چیئرمین ہیں اور رہیں گے۔ پی ٹی آئی یا کور کمیٹی میں کوئی گروہ بندی نہیں۔ فیصلے اتفاقِ رائے اور افہام و تفہیم سے عمران خان کے بنائے گئے فریم ورک کے مطابق کیے جاتے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نائب چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا بے حد احترام اور عزت کرتا ہوں۔ پی ٹی آئی کے کسی بھی کور کمیٹی اجلاس میں اراکین کے مابین کوئی جھگڑا نہیں ہوا۔ اپنے مخالفین کو مایوس کرنے کیلئے معذرت خواہ ہوں۔
تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب خان نے کہا کہ تحریکِ انصاف متحد ہے اور ہم آئندہ آنے والے عام انتخابات میں عوام کی حمایت اور اللہ کی مدد سے مخالفین کو شکست دیں گے۔ مخالفین سے کہتا ہوں کہ الیکشن میں ہمارا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں۔