کینیڈا کے جنگل میں لگی آگ بے قابو، ہزاروں لوگ محفوظ مقام پر منتقل

Aug 19, 2023 | 13:03 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز : کینیڈا کے مغربی صوبے برٹش کولمبیا میں جنگل کی آگ بے قابو ہونے کے بعد ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہزاروں شہریوں کو متاثرہ علاقے سے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے انخلا کیا گیا۔فائر فائٹرز مغربی کیلونا کے قصبے کے اوپر پہاڑوں میں جنگل کی آگ کو بجھانے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔
مغربی کیلونا کی آبادی 36 ہزار کےقریب ہے اور یہ وینکوور سے تقریباً 300 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔کیلونا میں جنگل کی آگ پھیلنے کے بعد ایک اور قریبی شہر اوکانگن کو بھی خطرے کی زد میں قرار دیا جا رہا ہے جس کی آبادی تقریباً ڈیڑھ لاکھ ہے۔
 عینی شاہد کا کہنا ہےکہ آگ کے شعلے اور دھواں مغربی کیلونا سے دکھائی دے رہا تھا اور جھیل کے آس پاس کی وادی میں ہر طرف دھواں نظر آیا۔حکام کا کہنا ہےکہ اگلے 24 سے 48 گھنٹے سب سے مشکل ہو سکتے ہیں۔ اس سے قبل آبی بمبار طیاروں کو آگ بجھانے کا کام کرنے دینے کے لیے علاقے کی فضائی حدود کو بند کر دیا گیا تھا۔
برٹش کولمبیا کی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ ’گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صورتحال تیزی سے بدلی ہے اور ہم آنے والے دنوں میں ایک انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔‘ویسٹ کیلونا کے فائر چیف جیسن برولینڈ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’ہم نے کل رات اپنی کمیونٹی کی حفاظت کے لیے سخت جدوجہد کی۔‘

حکام کا کہنا ہےکہ دھویں کے بادلوں کی نارنجی چمک اور آگ کی وجہ سے رات دن میں بدل گئی۔حکام نے بتایا کہ دو ہزار 400 سے زیادہ املاک خالی کر دی گئی ہیں اور ہزاروں مزید ہائی الرٹ پر ہیں کہ اگر ضروری ہو تو فوری نوٹس پر شہری وہاں سے چلے جائیں۔

مزیدخبریں