ایک نیوز: شہدائے پاکستان کو سلام، تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی وطن کی مٹی نے پکارا، ہمارے جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر لبیک کہا ، سپاہی نسیم اکرم شہید بے باک، نڈر اور وطن پر مر مٹنے کا عزم رکھنے والے جانباز مجاہد تھے۔ جہنوں نے وطنِ عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا۔
تفصیلات کے مطابق سپاہی نسیم اکرم 12 جون 2020 کو جنوبی بلوچستان میں دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔ سپاہی نسیم اکرم شہید نے سوگواران میں بیوہ، بیٹی اور والدین چھوڑے۔
سپاہی نسیم اکرم شہید کے اہلِ خانہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور شہیدوں پر ہمیں بہت فخر ہے، سپاہی نسیم اکرم شہید کی والدہ نے بتایا کہ ہمیں بہت دکھ ہوتا ہے ، جب آرمی اور شہیدوں کے بارے میں کوئی کچھ کہتا ہے، ہماری فوج کی وجہ سے ہم آرام اور سکون سے رہ رہے ہیں، نسیم اکرم کی ہمیشہ سے شہید ہونے کی خواہش تھی۔
شہیدکی بیوہ کا کہنا تھا کہ میری بیٹی اپنے والد کو بہت یاد کرتی ہیں، میری خواہش ہے کہ میری بیٹی اپنے بابا کی طرح آرمی میں جائے، ہم افواجِ پاکستان کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔
سپاہی نسیم اکرم شہید کے بھائی نے بتایا کہ مجھے بہت فخر ہے کہ میرا بھائی ہمارے لئے اور اس ملک کے لئے شہید ہوا ہے۔ شہید وطنِ عزیز کے دفاع کی خاطر جان کانذرانہ پیش کر کے آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بن گئے۔