ایک نیوز: تعلیم اور ہنر ایک ساتھ، شمالی وزیرستان میں وزیرستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں کامیاب طلباء میں TEVTA سرٹیفکیٹس ، لیپ ٹاپس اور دیگر انعامات تقسیم کئے گئے۔نوجوانوں اور علاقے کے مشیران نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی اس کاوش پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے تعاون سے وزیرستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن قبائلی نوجوانوں کی تکنیکی تعلیم میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھنے والا واحد انسٹی ٹیوٹ ہے۔
آپریشن ضرب عضب کے بعد پاک فوج نے 2016 میں شمالی وزیرستان میں وزیرستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے نام سے ایک ادارے کی بنیاد رکھی، انسٹی ٹیوٹ میں اپنے قیام سے اب تک 340 نوجوان نہایت ہی قلیل وقت میں تکنیکی تعلیم مکمل کرچکے ہیں۔
اس سلسلے میں وزیرستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں پانچویں تربیتی کورس کی تکمیل پر کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔ چھ مہینوں پر محیط کورس میں سو نوجوانوں کو آٹومکینک، ویلڈنگ، الیکٹریشن اور کمپیوٹر کورسز کی تربیت دی گی۔ طلباء کو تعلیم اور تربیت کے علاوہ مفت رہائش، ماہانہ وظیفہ سمیت کھانے پینے کی سہولیات بھی دی گئیں۔
کورس کامیابی سے مکمل کرنے پر طلباء کو روزگار اور باہر نوکری کیلئے بھی منتخب کیا گیا ہے۔ کورس کا مقصد نوجوانوں میں مختلف شعبوں کے حوالے سے ضروری ہنر اور بنیادی تعلیم فراہم کرکے ان کے صلاحیتوں کو کارآمد بنانا ہے۔
کامیاب طلباء میں TEVTA سرٹیفکیٹس ، لیپ ٹاپس اور دیگر انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی جی او سی شمالی وزیرستان تھے۔ نوجوانوں اور علاقے کے مشیران نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی اس کاوش پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور انسٹی ٹیوٹ کو علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں اہم پیش رفت قرار دیا۔