ایک نیوز: گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ لاہور کی طالبات اور اساتذہ نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا ہے۔ وفد نے جناح ہاؤس میں ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ لاہور کی طالبات اور اساتذہ نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر طالبات نے جناح ہاوٴس کی تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی دہشت گردی کی شدید مذمت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بابائے قوم محمد علی جناح کی نوادرات کی بے توقیری اور قومی اثاثہ کی پامالی انتہائی شرمناک ہے، منظم سازش کے تحت یہ تخریب کاری کی گئی ہے، اس کے منصوبہ ساز اور آلہ کار قانون کی گرفت میں آنے چاہئیں۔ بحیثیت طالبِ علم اور پاکستانی شہری ہم نوجوانوں کو نفرت کی بنیاد پر سیاست کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔
طالبات نے کہا کہ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور شہیدوں کے درجات میں بلندی کے لیے دعاگو ہیں۔ گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ لاہور کی طالبات نے شرپسندوں، سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا تاکہ آئندہ کوئی ایسی گھناوٴنی حرکت کرنے کا سوچ بھی نہ سکے۔