ایک نیوز: اے این ایف نے بذریعہ ٹرین اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سرکاری پیٹی سے منشیات برآمد کرلی۔
ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کا ٹرین کے ذریعے اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انٹیلی جنس اطلاع پر باقاعدہ منصوبہ بندی سے مختلف جنکشنز اور ٹرینوں کی کڑی نگرانی کی گئی اور اس دوران راولپنڈی، پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ سمیت تمام بڑے جنکشنز پر ٹرینوں کو چیک کیا گیا۔
نگرانی کے دوران اطلاع پر جعفر ایکسپریس میں گجرات جنکشن کے مقام پر ایک کارروائی کے دوران جعفر ایکسپریس کے گارڈ انچارج اور اسسٹنٹ ایگزامینر الیکٹرک کو گرفتار کرلیا گیا۔ تلاشی لینے پر ملزمان کی سرکاری پیٹی سے 4 کلوگرام چرس اور 2 کلوگرام افیون برآمد کر لی گئی۔
ملزمان منشیات راولپنڈی سے جیکب آباد اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ وقوعے کے بعد تمام بڑے جنکشنز اور ٹرینوں کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے اور راولپنڈی کے رہائشی دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔