ذکا اشرف کولمبو روانہ، کرکٹرز سے ملاقات متوقع

ذکا اشرف کولمبو روانہ، کرکٹرز سے ملاقات متوقع

ایک نیوز:  چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی ذکا اشرف کولمبو روانہ ہو گئے، ان کی سری لنکا میں قومی کرکٹرز سے ملاقات متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب کولمبو روانہ ہو ئے، انھیں اس کی دعوت صدر سری لنکا کرکٹ موہن ڈی سلوا نے دی ہے۔ پاکستان کی میزبانی میں ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست کو ملتان میں ہو گا، 31 تاریخ کو سری لنکا میں میچز شروع ہونا ہیں، ذکا اشرف انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ اہم میٹنگز بھی کریں گے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہےکہ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کی کوشش ہے کہ تمام ممالک سے خوشگوار تعلقات استوار کریں، اس سلسلے میں وہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔سری لنکا کرکٹ نے ذکا اشرف کو لنکا پریمیئر لیگ کا فائنل دیکھنے کیلئےمدعو کیا ہے، ساتھ ایشیا کپ کے حوالے سے بھی بات چیت ہو گی۔ ان دنوں پاکستان کرکٹ ٹیم بھی سری لنکا میں ہی موجود ہے جہاں افغانستان سے سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 22 اگست کو ہمبنٹوٹا میں ہوگا۔

ذکا اشرف کی ممکنہ طور پر قومی کرکٹرز سے بھی ملاقات ہوگی جہاں  وہ سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیں گے۔اب تک موصولہ اطلاعات کے مطابق پلیئرز معاوضوں میں دگنا اضافہ ہونے پر مطمئن ہیں۔امید ہے جلد معاہدوں کا اعلان کر دیا جائے گا، پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ کرکٹرز سے کنٹریکٹ پر مذاکرات کر رہے ہیں۔