خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ نےحلف اُٹھالیا، 9وزراء شامل

Aug 19, 2023 | 09:33 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ نے حلف اٹھالیا۔ گورنر غلام علی نے 9وزراء سے حلف لیا۔

تفصیلات کے مطابق نگران صوبائی کابینہ میں 9 وزراء ، 2مشیر اور ایک معاون خصوصی شامل ہیں۔ سید مسعود شاہ، فیروز جمال شاہ، جسٹس ریٹائرارشاد قیصرنگران وزیر ہوں گے۔احمد رسول بنگش ،آصف رفیق ، ڈاکٹر نجیب اللہ نگران کابینہ میں بحثیت وزیر حلف اٹھا لیا۔ ڈاکٹر محمد قاسم جان ، جسٹس ریٹائر ارشاد حسین شاہ ، سید عامرعبداللہ نگراں وزیر ہوں گے۔ڈاکٹر ریاض انور اور ڈاکٹر سرفراز علی شاہ وزیراعلی کے مشیر ہوں گے۔ ظفراللہ خان وزیراعلی کے معاون خصوصی ہوگے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کیے جانے کے بعد 21 جنوری 2023 کو اعظم خان کو نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا تعینات کیا گیا تھا اور انہوں نے اسی روز اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔26 جنوری کو گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے گورنر ہاؤس میں نگران کابینہ سے حلف لیا تھا۔31 جولائی کو الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ کو کابینہ سے سیاسی وابستگی رکھنے والے وزرا کو ہٹانےکا کہا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ کو خط میں کہا گیا تھا کہ کچھ وزرا، مشیر اور معاونین خصوصی کو سیاسی وابستگی پر بھرتی کیا گیا، سیاست میں ملوث وزرا، معاونین اور مشیروں کو فوری ڈی نوٹیفائی کیا جائے۔خط میں قرار دیا گیا کہ بعض وزرا، مشیروں اور معاونین خصوصی کا رویہ نگران حکومت کی روح کے منافی ہے،الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ نگران وزیراعلیٰ اپنی کابینہ کو کم سے کم کریں۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے نگران صوبائی وزیر شاہد خٹک کی عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے جلسے میں شرکت اور خطاب پر نوٹس لیا تھا اور انہیں وزارت سے ہٹانےکا حکم دیا تھا۔

مزیدخبریں