اسلام آباد ہائی کورٹ نے محمد میاں سومرو کی نشست پر الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخاب سے روک دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ،میاں سومرو ،نشست ،الیکشن کمیشن ،ضمنی انتخاب
کیپشن: محمد میاں سومرو، فائل فوٹو

ایک نیوز نیوز: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو محمد میاں سومرو کی نشست پر ضمنی اںتخاب کرانے سے روک دیا۔ 

محمد میاں سومرو کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے اپنے دلائل میں مؤقف اپنایا کہ محمد میاں سومرو جیکب آباد کے حلقہ 196 سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے پی ٹی آئی رکن ہونے کے باوجود استعفیٰ نہیں دیا۔ 

وکیل نے مزید کہا کہ درخواست گزار طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے ملک سے باہر ہے اور زیادہ سفر کرنے سے قاصر ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے 40 دن تک غیرحاضری پر نشست خالی قرار دیدی۔ الیکشن کمیشن نے ڈی نوٹیفائی کرکے ضمنی الیکشن کا اعلان کردیا۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ 40 روز تک درخواست گزار نے قومی اسمبلی میں چھٹی کی کوئی درخواست نہیں دی۔ اس کے علاوہ عدالت نے ستمبر میں کیس کی آئندہ سماعت تک الیکشن کمیشن کو این اے 196 میں ضمنی انتخاب سے روک دیا۔ 

عدالت نے واضح کیا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو نوٹس جاری نہیں کرسکتے، تاہم سیکرٹری اسمبلی کو نوٹس جاری کریں گے لیکن ایسا نہ ہو کہ درخواست گزار نوٹی فکیشن معطل ہونے کے بعد بھی اسمبلی سے غیرحاضر رہے۔ 

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ محمد میاں سومرو 27 ستمبر کو وطن واپس آئیں گے۔ جس کے بعد قومی اسمبلی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ 

اس کے بعد عدالت نے وزارت قانون، سیکرٹری قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔ کیس کی آئندہ سماعت ستمبر میں ہوگی۔