ایک نیوز نیوز: فیصل آباد میں لڑکی پر تشدد اور جوتے چٹوانے کے واقعے میں گرفتار ملزم شیخ دانش کی بیٹی اسلام آباد ہائی کورٹ حفاظتی ضمانت کے لیے پہنچ گئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس، جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل سے کہا کہ آپ نے زیادتی کی ہے، سسٹم کو شکست دینے کے لیے درخواست گزار کو یہاں لے آئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ درخواست گزار کا موجودہ اور مستقل پتہ فیصل آباد کا ہے، پھر کہیں کی بھی ایف آئی آر درج ہونے پر ضمانت کے لیے اسلام آباد کیوں آجاتے ہیں۔
عدالت نے پیر تک درخواست گزار کی اسلام آباد میں رہائش کا ثبوت طلب کیا ہے۔
دوسری جانب اسی مقدمے میں گرفتار 4 ملزمان کا 3 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا گیا ہے۔ جس کے بعد پولیس نے ملزمان سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد کرنے کے لیے مزید ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔