شہباز گل کی ہسپتال منتقلی، عدالت کا تحریری حکم نامہ جاری

شہباز گل،ہسپتال منتقلی, عدالت ،تحریری حکم نامہ ،جاری
کیپشن: شہبازگل کی عدالت منتقلی پر عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

ایک نیوز نیوز: شہبازگل کو پمز ہسپتال منتقل کرنے کی آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ فرخ علی خان نے 7 صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کردیا۔ جس میں حکم دیا گیا ہے کہ شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کو پیر تک معطل کیا جاتا ہے۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ شہبازگل کو وہیل چئیر پر عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، عدالت میں پیش ہونے کے فوراً بعد ملزم نے آکسیجن ماسک مانگنے کے لیے شور شرابہ شروع کردیا، عدالتی حکم پر ملزم شہبازگل کو فوراً عدالت کے اندر آکسیجن ماسک مہیا کیا۔ عدالتی حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، گزشتہ دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے حکم کے حوالے سے فریقین سے پوچھا گیا، جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ عدالت 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو منظور نہیں کرسکتی۔

دوسری جانب شہباز گل کے وکلاء کا کہنا تھا کہ جسمانی ریمانڈ ملزم کی حوالگی کے وقت سے شروع ہوگیاتھا۔ اس وقت شہباز گل کی حالت تشویشناک ہے، انہیں سانس لینے بھی مسئلہ ہے۔ 

عدالت نے حکمنامے میں مزید لکھا ہے کہ ملزم کے وکلاء نے کہا پولیس نے ملزم سے لیگل ٹیم اور خاندان کے افراد کو ملنے نہیں دیا، ملزم کے وکلاء نے کہا اگر مزید جسمانی ریمانڈ دیا گیا تو ملزم کو دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق ملزم کو دل اور پھیپھڑوں کے ڈاکٹر سے معائنہ تجویز کیا گیا ہے، ڈیوٹی مجسٹریٹ نے یہ بھی لکھا کہ جسمانی ریمانڈ کے دوران پولیس ٹارچر نہیں کرسکتی، عدالت نے دو روزہ میڈیکل کے لیے ملزم کو پمز اسپتال بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، عدالت نے حکم دیا کہ پیر کو ملزم اور میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کی جائیں،پولیس کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو معطل کیا جاتا ہے۔