جعلی فون کال، فراڈیوں نے سابق سینیٹر الیاس بلور کو لاکھوں کا چونا لگا دیا

فراڈیوں نے سابق سینیٹر الیاس بلور کو لاکھوں کا چونا لگا دیا
کیپشن: فراڈیوں نے سابق سینیٹر الیاس بلور کو لاکھوں کا چونا لگا دیا

ایک نیوز نیوز: ہوشیار! فراڈیوں نے شہریوں کو لوٹنے کا انوکھا طریقہ اپنا لیا،عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر الیاس بلور بھی ایک فراڈ کا شکار بن کر 10 لاکھ 98 ہزار روپے گنوا بیٹھے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق الیاس بلور نے بدھ کو تھانہ کینٹ راولپنڈی میں ایک ایف آئی آر درج کرائی جس میں انہوں نے بتایا کہ ’انہیں موبائل فون پر کال آئی اور کال کرنے والے نے تھانہ کینٹ راولپنڈی کے اے ایس آئی شاہ کے نام سے اپنا تعارف کرایا۔

الیاس بلور کے مطابق ’اے ایس آئی نے بتایا کہ آپ کا بھانجا لڑکیوں کے ساتھ پکڑا گیا ہے، اے ایس آئی نے بھانجے سے میری بات کرائی جس نے کہا کہ مجھے بچا لیں، مجھ سے مختلف موبائل نمبرز پر 10 لاکھ 98 ہزار روپے طلب کیے گئے۔

الیاس بلور نے کہا جب میں نے تصدیق کیے بغیر مختلف نمبروں پر رقم بھجوا دی، بعد میں بھانجے سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ تو اپنی فیکٹری میں موجود ہیں اور ان کے ساتھ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔

پولیس نے الیاس بلور کے بیان کی روشنی میں فراڈ و ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔