ایئرسیال کو سعودی عرب،ایران،عراق اور قطر کیلئے فلائٹس چلانے کی اجازت

ایئرسیال کو سعودی عرب،ایران،عراق اور قطر کیلئے فلائٹس چلانے کی اجازت
کیپشن: ایئرسیال کو سعودی عرب،ایران،عراق اور قطر کیلئے فلائٹس چلانے کی اجازت

ایک نیوز نیوز: پاکستان کے نجی شعبے کی ایئرلائن ایئرسیال کو انٹرنیشنل آپریشن کی اجازت دے دی گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے فوکل پرسن برائے ڈیجٹل میڈیا ابوبکر عمر کی ٹویٹ میں شیئر کیے گئے خط کے مطابق ایئرسیال کو مشرق وسطٰی کے روٹ پر بین الاقوامی فضائی آپریشن شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ٹویٹ میں دکھائے گئے سول ایوی ایشن کے خط میں وفاقی کابینہ کی جانب سے ایئرسیال کو انٹرنیشنل آپریشن کی منظوری کی اطلاع دیتے ہوئے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ایران اور عراق کے لیے فضائی آپریشن کا ذکر کیا گیا ہے۔

18 اگست کو جاری ہونے والے خط میں سول ایوی ایشن اور فلائنگ سے متعلق قوانین کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔

ایئرسیال نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ’بین الاقوامی فضائی آپریشن کی اجازت‘ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے اس پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کے شہر سیالکوٹ سے شروع کی گئی ایئرسیال ملک کی تیسری نجی ایئرلائن ہے۔ دسمبر 2020 میں شروع کی گئی ایئرلائن سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی ملکیت ہے۔