صدر کا انشورنس کمپنی کو بیوہ کو ڈیتھ انشورنس کلیم ادا کرنےکا حکم

Apr 19, 2023 | 14:00 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نےانشورنس کمپنی کو بیوہ کو ادائیگی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی نے انشورنس کمپنی کو بیوہ کو  3 لاکھ کا انشورنس کلیم ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی نے   بیوہ کو لائف انشورنس کلیم  کی ادائیگی سے انکار کردیا تھا۔ اسٹیٹ لائف نے مؤقف اپنایا کہ متوفی کی موت سڑک حادثے سے براہ راست نہیں بلکہ مرگی کی وجہ سے ہوئی ہے۔ صدر مملکت نے  اسٹیٹ لائف کا مؤقف مسترد کر دیا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ لائف مناسب قواعدو ضوابط اپنائے، بدانتظامی  کو روکے۔کوئی ثبوت پیش نہیں کیا  گیا کہ متوفی کی موت مرگی سے  براہ راست ہوئی ہے۔محتسب نے بجا طور پر فیصلہ کیا کہ محض پولیس روزنامچے پر انحصار کیا گیا ہے۔اسٹیٹ لائف کے فیلڈ آفیسر کی رپورٹ میں متوفی پالیسی ہولڈر کو صحت مند قرار دیا  گیا۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں واضح طور پر لکھا گیا کہ  افسر متوفی پالیسی ہولڈر کو پچھلے دو سالوں سے جانتا تھا چونکہ بدانتظامی ثابت ہوئی  ہے اس لیے اسٹیٹ لائف تیس دن  میں شکایت کنندہ کو رقم ادا کرے۔

واضح رہے کہ ریحانہ بی بی (شکایت کنندہ) کے متوفی شوہر اکرم مسیح نے 20 سال کیلئے 3 لاکھ روپے کی لائف انشورنس پالیسی حاصل کی۔اکرم مسیح کی موت سڑک حادثے میں ہوئی ، موت کے بعد بیوی نے انشورنس کا دعویٰ کیا۔خاتون نے وفاقی محتسب سے رابطہ کیا جس نے اس کے حق میں حکم جاری کردیاہے۔اسٹیٹ لائف نے محتسب کے حکم کے خلاف صدر مملکت کو اپیل دائر کی جس کے بعد صدر مملکت نے اسٹیٹ لائف انشورنس کی اپیل  کو مسترد کر دیا۔

مزیدخبریں