پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی، امریکی تنظیموں نے آواز اٹھا دی

Apr 19, 2023 | 13:00 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف  بڑی امریکی تنظیم ”رابرٹ ایف کینیڈی ہیومن رائٹس“  نے بھی آواز اٹھا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کے ہاتھوں بنیادی انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی مذمت کے معاملہ پر امریکی اہلِ دانش و سیاست کے بعد انسانی حقوق کی صفِ اوّل کی تنظیموں نے بھی آواز اٹھا دی ہے۔ انسانی حقوق کی امریکی تنظیم ”رابرٹ ایف کینیڈی ہیومن رائٹس“ نے بڑا بیان جاری کیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم نے امریکا سمیت پاکستان کے کلیدی اتحادیوں سے پاکستان پر جمہوری اقدار کے مکمل احترام پر زور دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

رابرٹ ایف کینیڈی ہیومن رائٹس نےجمہوری اقدار کے احترام اور بنیادی حقوق کے تحفظ ہی کو عالمی تعاون کی بنیاد بنانے پر زور دیا ہے۔ پاکستان میں آزادئے اظہار اور شہری و بنیادی انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔  حزب اختلاف کے رہنماؤں کی گرفتاریاں، انکی آواز پر عائد بندشیں اور نیوز چینلز کی معطلی جمہوریت پر براہِ راست حملہ ہیں۔ حزب اختلاف اور میڈیا کیخلاف جبر کا بے جا استعمال آمریت کی تشویشناک علامتیں ہیں۔

رابرٹ ایف کینیڈی ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ پمرا نے پہلے سابق وزیراعظم عمران خان کی تقاریر پر پابندی عائد کی ہے۔پمرا نے ایک نجی ٹی وی چینل کی نشریات بھی معطل کیں۔ پاکستان میں اختلافی سیاسی آوازوں کو دبانے کا رجحان نیا نہیں ہے۔ ریگولیٹری اختیارات کے ذریعے بار بار میڈیا کو نشانہ بنائے جانے کے میڈیا کی آزادی پر نہایت منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ایک جمہوری معاشرے میں آزادی اظہار و ابلاغ پر بندشوں کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں ہے۔ صحافیوں اور حزبِ مخالف کیخلاف بغاوت کے سامراجی قانون کا استعمال بھی نہایت قابلِ مذمت ہے۔گزشتہ سال چیئرمین تحریک انصاف کے چیف آف سٹاف شہباز گل کو بغاوت و غداری کے مقدمے میں جکڑا گیا۔

رابرٹ ایف کینیڈی ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ شہباز گل نے خود پر دورانِ حراست بدترین تشدد کا انکشاف کیا،  اسی طرح ارشدشریف، صابرشاکر،عمران ریاض اور دیگر پر بغاوت اور فوج اور ریاستی اداروں کیخلاف عوام میں نفرت پھیلانے کے الزامات عائد کئے گئے۔ رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کی 180 ممالک کی فہرست میں آج پاکستان 157ویں نمبر پر ہے۔ حکومتِ پاکستان انسانی حقوق پر عائد بلاجواز پابندیاں ہٹائے،یہ پابندیاں انسانی حقوق کے عالمگیر ڈیکلیریشن اور سول و سیاسی حقوق کے عالمی کوویننٹ کے تحت میسر شہری حقوق پر سنگین منفی اثرات کی حامل ہیں۔

 رابرٹ ایف کینیڈی ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ امریکہ سمیت پاکستان کے کلیدی اتحادیوں سے ہمارا مطالبہ ہے کہ انسانی حقوق کی ان پامالیوں سے صرفِ نظر مت کریں بلکہ امریکہ سمیت پاکستان کے کلیدی اتحادی ملک میں قانون کی حکمرانی کی مخدوش ترین صورتحال کا بھی نوٹس لیں۔  امریکا اور پاکستان کے دیگر اتحادی پاکستان کو حقِ اختلاف سمیت جمہوری اقدار کے مکمل احترام کی راہ دکھلائیں۔ جمہوری اقدار کی مکمل پاسداری اور بنیادی حقوق کے تحفظ ہی کو عالمی تعاون کی بنیاد بنایا جائے۔

مزیدخبریں