اب انتخابات یا توہین عدالت کا فیصلہ آئے گا،قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر:شیخ رشید

Apr 19, 2023 | 12:12 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اب انتخابات ہوں گے یا توہین عدالت کا فیصلہ آئے گا، پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں لکھا کہ کل حکومتی اتحادیوں کی میٹنگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی، پی ڈی ایم میں واضح پھوٹ پڑ چکی ہے، پی پی پی، ایم کیو ایم اوربی اے پی اپنے فیصلے پر پچھتا رہی ہیں، اکثریتی پارٹیاں عوام کے دلوں سے اتر گئی ہیں۔

انہوں نے کہا عدالت کی حکم عدولی ہوچکی ہے، اب الیکشن ہوں گے یا توہین عدالت کا فیصلہ آئے گا، ایک دو روز میں سزا کی سمت کا تعین ہوجائے گا، پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں، بالآخرعدلیہ کو آئینی فیصلوں کا احترام کروانا ہے اور ان کو یہ کام بخوبی آتا ہے، الیکشن نہیں کرانے تو نگران حکومت نے گھر جانا ہے ترقیاں تبادلے نہیں کرنے ۔

شیخ رشید نے کہا قومی اسمبلی تحلیل ہوگی تو پھر ہی ایک دن میں الیکشن ہوں گے، حکومت تاریخ دے کس دن اسمبلی تحلیل کرنی اور جنرل الیکشن کروانے ہیں، حکومت اقتدار بچانے کے چکر میں عوام اور دنیا دونوں سے تنہا اور دور ہوگئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کوعوام میں اپنی مقبولیت کا اندازہ ہے اس لیےعدلیہ کوآنکھیں دکھارہی ہے، ایک سال گزر گیا آئی ایم ایف سے معاہدہ مکمل نہیں ہوسکا، سماجی،سیاسی،اقتصادی اور عدالتی بحران اپنے فائنل راؤنڈ پر ہے، عوام غربت اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں

مزیدخبریں