ایک نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پٹیشن واپس لینے کی متفرق درخواست پر سماعت 5 مئی کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی الیکشن کمیشن نااہلی فیصلے کیخلاف پٹیشن واپس لینے کی متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت عالیہ نے حتمی دلائل کے لئے 5 مئی کی تاریخ مقرر کردی۔
یاد رہے کہ عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ میں کیس زیر التوا ہونے پر واپس لینے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
دوسری جانب عدالت نے میانوالی میں ضمنی الیکشن روکنے کے حکم امتناع میں 5 مئی تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 5 مئی تک ملتوی کردی۔
درخواست گزار محسن شاہ نواز رانجھا کے وکلاء نے درخواست واپس لینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس عدالت میں کیس زیر التوا تھا، اس دوران لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن فائل کی، عدالت کو لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن فائل کرنے سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔