سوات:طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، پل بہہ گئے، شہری محصور

سوات:طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، پل بہہ گئے، شہری محصور
کیپشن: طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، پل بہہ گئے، شہری محصور

ایک نیوز: بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے مختلف علاقے متاثر ہوئے ہیں جب کہ دریاؤں میں سیلابی صورتحال  ہے۔سوات میں 3 روز سے جاری بارشوں نے تباہی مچا دی، 40 کے قریب ہوٹل اور ریسٹورنٹس کو شدید نقصان پہنچا، رابطہ پل بہہ گئے جس کے سبب شہری مختلف علاقوں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

کوہستان کے متعدد مقامات پرلینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم کئی مقامات پربند ہوگئی جس سے سیکڑوں گاڑیوں میں ہزاروں مسافر کل سے پھنسے ہیں۔

ادھر گلگت بلتستان کا ملک کےدیگرشہروں سے زمینی رابطہ منقطع  ہوگیا جب کہ آزاد کشمیر میں سیلابی ریلوں اورلینڈ سلائیڈنگ سے مرکزی شاہراہ نیلم متعدد مقامات سے بند ہوئی۔

دریائے نیلم میں درمیانی درجے کا سیلاب ہے اور وادی نیلم کےکئی علاقوں میں 24 گھنٹے سے بجلی معطل  ہے جب کہ علاقے میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروسز شدید متاثر ہے۔

دوسری جانب سوات میں موسلا دھار بارشوں نے سیلابی صورت حال پیدا کر دی۔ بارشوں کا سلسلہ آج تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے 40 کے قریب ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو شدید نقصان پہنچا ہے، کالام روڈ پر رابطہ پل بہہ گئے جس کے سبب شاہراہ تیسرے روز بھی بند رہی۔ سوات جانے والے سیاح اور تاجر تمام تر صورت حال جان لیں کہ متعدد لوگ پہلے ہی مینگورہ اور بحرین میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

بحرین بازار بدستور سیلابی ریلے کی لپیٹ میں ہے، مقامی شہریوں کو کھانے پینے سمیت دیگر روز مرہ امور کی اشیا کی خریداری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-04-19/news-1681882419-5632.mp4